اسلام آباد کو ایڈمنسٹریٹو یونٹ بنانے کیلئے حدود و اختیارات کے تعین پر کام شروع

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) اسلام آباد کو ایڈمنسٹریٹو یونٹ بنانے کی صورت میں اس کی حدود و قیود کا تعین آئینی، انتظامی اور جغرافیائی بنیادوں پر کیا جائے گا۔

ذرائع وزارتِ منصوبہ بندی کے مطابق ابتدائی طور پر موجودہ وفاقی دارالحکومت کی حدود ہی کو نئے صوبے یا ایڈمنسٹریٹو یونٹ کا حصہ قرار دیے جانے کا امکان ہے، جبکہ دوسرے مرحلے میں اسلام آباد سے ملحقہ بعض علاقوں کو بھی شامل کرنے پر غور کیا جا سکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی علاقوں کو نئے ایڈمنسٹریٹو یونٹ میں شامل کرنے کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلیوں کی قرارداد کے ذریعے منظوری ضروری ہوگی۔ اس کے بعد باقاعدہ حد بندی سمیت دیگر آئینی و قانونی مراحل مکمل کرنا ہوں گے۔

پلاننگ کمیشن کی دستاویز کے مطابق اسلام آباد کے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی کے حوالے سے وفاق سے اختیارات مقامی حکومت کو منتقل کرنے کی سفارشات تیار کرلی گئی ہیں۔ مجوزہ نظام کے تحت اختیارات نچلی سطح تک منتقل کیے جائیں گے جبکہ اسلام آباد میں نمائندہ حکومت قائم کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔

دستاویز کے مطابق امن و امان اور ماسٹر پلاننگ کے معاملات نئے ایڈمنسٹریٹو یونٹ کے دائرہ اختیار میں شامل نہیں ہوں گے۔ اسلام آباد کو الگ ایڈمنسٹریٹو یونٹ کا درجہ ملنے کی صورت میں امن و امان اور ماسٹر پلاننگ سے متعلق اختیارات وفاقی حکومت کے پاس برقرار رہیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button