حج 2027: نجی سکیم کے عازمین کو نقد ادائیگی سے گریز کی ہدایت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزارتِ مذہبی امور نے حج 2027 کے لیے نجی حج سکیم کے تحت جانے کے خواہشمند پاکستانی عازمین کو خبردار کیا ہے کہ وہ حج اخراجات کسی فرد یا حج آپریٹر کو نقد رقم میں ادا نہ کریں اور ادائیگی کے لیے سرکاری ڈیجیٹل نظام استعمال کریں۔
وزارتِ مذہبی امور کے مطابق نجی حج سکیم کے عازمین اپنے حج اخراجات سرکاری طور پر مقرر کردہ ڈیجیٹل حج مینجمنٹ سسٹم یا پاک حج ایپ کے ذریعے ہی ادا کریں۔ مقررہ طریقہ کار سے ہٹ کر کسی فرد کو رقم دینے سے عازمین کو مالی نقصان اور ممکنہ فراڈ کا سامنا ہوسکتا ہے۔
وزارت کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام کا مقصد عازمین کو دھوکا دہی سے محفوظ رکھنے کے ساتھ نجی حج آپریٹرز کے معاملات کی مؤثر نگرانی یقینی بنانا ہے۔
حج پالیسی کے تحت عازمین کو حج آپریشن 2027 سے قبل اپنی تیاری کے لیے صرف ایسے نجی حج آپریٹرز کا انتخاب کرنا ہوگا جو باضابطہ طور پر لائسنس یافتہ ہوں۔ وزارت نے واضح کیا ہے کہ غیر مجاز افراد کو نقد رقم یا کسی بھی غیر سرکاری ذریعے سے ادائیگی نہ کی جائے۔
واضح رہے کہ 2025 میں مختلف وجوہات کی بنا پر تقریباً 67 ہزار پاکستانی عازمین حج کے سفر پر روانہ نہیں ہو سکے تھے۔
حج 2027 کے لیے پاکستان کا مجموعی حج کوٹہ 179 ہزار 210 مقرر کیا گیا ہے، جس میں سے 71 ہزار 684 عازمین نجی حج سکیم کے تحت فریضہ حج ادا کر سکیں گے، جبکہ باقی عازمین سرکاری حج سکیم کے ذریعے حج کریں گے۔



