میجر عزیز بھٹی شہید کا 61واں یوم شہادت آج عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاک فوج کے عظیم سپوت اور جنگ ستمبر 1965ء کے ہیرو میجر راجہ عزیز بھٹی شہید (نشانِ حیدر) کا 61واں یوم شہادت آج عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔

میجر راجہ عزیز بھٹی 6 اگست 1928ء کو ہانگ کانگ میں پیدا ہوئے۔ قیام پاکستان سے قبل ان کے خاندان نے ضلع گجرات کے آبائی گاؤں لدیاں میں سکونت اختیار کی۔ انہوں نے 21 جنوری 1948ء کو پاکستان ملٹری اکیڈمی میں شمولیت اختیار کی۔

1950ء میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کے پہلے ریگولر کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شاندار کارکردگی پر انہیں بہترین کیڈٹ قرار دیا گیا اور شہید ملت لیاقت علی خان نے انہیں شمشیرِ اعزازی اور نارمن گولڈ میڈل سے بھی نوازا۔

میجر عزیز بھٹی نے 1952ء میں اعلیٰ فوجی تربیت کے لیے کینیڈا کا دورہ کیا۔ 1957ء سے 1959ء تک جی ایس سیکنڈ آپریشنز کی حیثیت سے جہلم اور کوہاٹ میں خدمات انجام دیں، جبکہ 1960ء سے 1962ء تک پنجاب رجمنٹ اور 1962ء سے 1964ء تک انفنٹری اسکول کوئٹہ سے وابستہ رہے۔

جنگ ستمبر 1965ء کے دوران انہیں بی آر بی نہر کے کنارے کمپنی کمانڈر کی حیثیت سے تعینات کیا گیا۔ میجر عزیز بھٹی نے دشمن کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے خود مشاہداتی پوسٹ کی ذمہ داری سنبھالی اور کئی روز تک بھوک، پیاس اور شدید خطرات کے باوجود اگلے مورچوں پر ڈٹے رہے۔

انہوں نے دشمن کی پیش قدمی روکنے میں اہم کردار ادا کیا، ان کی جوابی کارروائیوں کے نتیجے میں بھارتی فوج کو بھاری جانی و جنگی نقصان اٹھانا پڑا اور دو بھارتی ٹینک بھی تباہ ہوئے۔ دشمن کو تازہ کمک اور بھاری اسلحے کی دستیابی کے باوجود بی آر بی نہر کے محاذ پر پیش قدمی میں شدید مزاحمت کا سامنا رہا۔

12 ستمبر 1965ء کو میجر عزیز بھٹی دشمن کی نقل و حرکت کا جائزہ لینے کے لیے نہر کی پٹری پر موجود تھے کہ بھارتی فوج نے شدید بمباری شروع کردی۔ وہ تمام خطرات سے بے نیاز ہو کر اپنے محاذ پر ڈٹے رہے۔ اسی دوران دشمن کا ایک گولہ ان کے سینے سے آرپار ہوگیا اور وہ وطن کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کرگئے۔

مادر وطن کے دفاع میں عظیم قربانی اور غیر معمولی بہادری کے اعتراف میں میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کو 23 مارچ 1966ء کو پاکستان کے سب سے بڑے فوجی اعزاز نشانِ حیدر سے نوازا گیا۔

میجر عزیز بھٹی شہید کے یوم شہادت کے موقع پر ان کی آخری آرام گاہ پر پھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں گی اور فاتحہ خوانی کی جائے گی۔ افواج پاکستان کی جانب سے بھی شہید کی لازوال قربانی اور غیر معمولی بہادری کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button