قائداعظم کو خراجِ عقیدت، سندھ اسمبلی میں تاریخی قرارداد متفقہ طور پر منظور

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) سندھ اسمبلی نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔قائداعظم محمد علی جناح کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کی قرارداد پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم)، جماعت اسلامی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حامی ارکان کی جانب سے پیش کی گئی۔
قرارداد میں کہا گیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی تاریخی اور مدبرانہ قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے پاکستان کے قیام کے لیے جدوجہد کی۔ قائداعظم کی اصول پسندی، بصیرت اور انتھک سیاسی جدوجہد کے نتیجے میں مسلمانوں کو ایک آزاد وطن حاصل ہوا۔
قرارداد کے ذریعے قائداعظم محمد علی جناح کی قیامِ پاکستان کے لیے خدمات اور جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
دوسری جانب قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ وفات کے موقع پر پیپلز پارٹی کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے بھی بانیٔ پاکستان کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم عظیم رہنما اور برصغیر کے مسلمانوں کے لیے امید کی کرن تھے۔
شازیہ مری کے مطابق قائداعظم نے اپنی بصیرت، اصول پسندی اور مسلسل جدوجہد کے ذریعے مسلمانوں کے لیے آزاد وطن کے حصول کو ممکن بنایا۔



