پٹرولیم لیوی کیخلاف اپوزیشن متحرک،حافظ نعیم،فضل الرحمن اورسہیل آفریدی میں اہم رابطہ

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) پٹرولیم لیوی اور بڑھتی مہنگائی کے خلاف اپوزیشن جماعتوں نے آواز بلند کرنے کا فیصلہ کرلیا، امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے رابطہ کرکے عوامی مسائل پر مشترکہ جدوجہد پر گفتگو کی۔

حافظ نعیم الرحمن نے مولانا فضل الرحمن اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں ملک میں بڑھتی مہنگائی، پٹرولیم لیوی اور عوام کو درپیش معاشی مشکلات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کو مہنگائی اور عوامی مسائل پر بھرپور آواز اٹھانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عوام پر پٹرولیم لیوی کا بوجھ ڈالنے کے خلاف اپوزیشن کو مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔

مولانا فضل الرحمن نے جماعت اسلامی کی پٹرولیم لیوی کے خلاف تحریک کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقیقی مسائل پر آواز اٹھا رہی ہے جو قابلِ تحسین ہے۔

سربراہ جمعیت علماء اسلام نے عوامی مسائل کے حل کے لیے سیاسی جماعتوں کے مؤثر کردار کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت پٹرولیم لیوی کے معاملے پر عوام کو ریلیف فراہم کرے۔

سہیل آفریدی نے جماعت اسلامی کی جانب سے عوامی مسائل پر جمہوری جدوجہد کو بھی قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو درپیش مشکلات کے خلاف سیاسی اور جمہوری انداز میں آواز اٹھانا ضروری ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے اس موقع پر کہا کہ جماعت اسلامی پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور اپوزیشن جماعتوں کو بھی عوامی مشکلات کے خلاف متحد ہوکر آواز بلند کرنی چاہیے۔

سیاسی حلقوں میں تین اہم رہنماؤں کے درمیان رابطے کو پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف اپوزیشن کے ممکنہ مشترکہ لائحہ عمل کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button