ایم ڈی کیٹ 2026 کی تاریخ مقرر، سندھ بھر میں امتحانی مراکز کا اعلان

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) 2026 20 ستمبر کو منعقد ہوگا، سندھ میں امتحان سیبا ٹیسٹنگ سروسز کے تحت لیا جائے گا۔

سکھر آئی بی اے ٹیسٹنگ سروسز کے مطابق کراچی میں ایم ڈی کیٹ کے لیے این ای ڈی یونیورسٹی اور ڈاؤ یونیورسٹی میں امتحانی مراکز قائم کیے جائیں گے، جبکہ حیدرآباد، جامشورو، لاڑکانہ، سکھر، میرپورخاص، شہید بینظیرآباد اور اسلام آباد میں بھی ٹیسٹ سینٹرز بنائے گئے ہیں۔

حیدرآباد میں امتحان پبلک اسکول لطیف آباد، جامشورو میں لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز، میرپورخاص میں میر شیر محمد ٹالپور پبلک اسکول اور لاڑکانہ میں پولیس ٹریننگ اسکول گراؤنڈ، واگن روڈ میں ہوگا۔

شہید بینظیرآباد میں ایم ڈی کیٹ قائدِ عوام یونیورسٹی آف انجینئرنگ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی جبکہ سکھر میں آئی بی اے پبلک اسکول، اولڈ ایئرپورٹ روڈ پر منعقد ہوگا۔

اسلام آباد منتقل ہونے والے سندھ کے رہائشی امیدواروں کا امتحان پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں لیا جائے گا۔

سیبا ٹیسٹنگ سروسز کے مطابق ایم ڈی کیٹ کا دورانیہ 3 گھنٹے ہوگا۔ امیدواروں کو مقررہ رپورٹنگ وقت پر امتحانی مراکز پہنچنا ہوگا جبکہ امتحان مکمل ہونے سے قبل کسی امیدوار کو امتحانی ہال سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

تمام امتحانی مراکز پر والدین کے لیے علیحدہ انتظار گاہیں قائم کی جائیں گی، جبکہ امیدواروں کو امتحانی ہال میں ضروری اسٹیشنری اور صاف پینے کا پانی بھی فراہم کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button