سندھ میں ٹرانسپورٹ نظام ڈیجیٹل، فٹنس اور روٹ پرمٹ کا نیا نظام متعارف، شرجیل میمن

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ گزشتہ دو تین برس کے دوران صوبے میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں نمایاں بہتری کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے، جن کا مقصد شہریوں کو محفوظ، بہتر اور جدید سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔
سندھ اسمبلی میں گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ چھوٹی ویگنز اور وینز کے حوالے سے بھی اہم اقدامات کیے گئے ہیں، جبکہ حادثات کی روک تھام کے لیے سی این جی اور ایل پی جی کٹس کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چھوٹی ویگنز بین الاضلاعی اور اندرون شہر سفر کے علاوہ اسکول جانے والے بچوں کی آمدورفت کے لیے بھی استعمال ہوتی ہیں، اس لیے تمام متعلقہ گاڑیوں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔
شرجیل میمن کے مطابق سندھ میں ڈیجیٹلائزڈ فٹنس سرٹیفکیٹ اور روٹ پرمٹ نظام متعارف کرایا گیا ہے۔ ماضی میں گاڑیوں کا ریکارڈ دستی طور پر رکھا جاتا تھا، تاہم گزشتہ ایک سال کے دوران پورے نظام کو ڈیجیٹلائز کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ پاکستان کا پہلا صوبہ ہے جہاں ٹرانسپورٹ فٹنس اور روٹ پرمٹ کے نظام کو ڈیجیٹل کیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ٹرانسپورٹ قوانین پر عملدرآمد کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں، کاغذات نامکمل ہونے یا ڈرائیور کے پاس لائسنس نہ ہونے کی صورت میں کارروائی کی جاتی ہے، جبکہ فٹنس معیار پر پورا نہ اترنے والی گاڑیوں کو تحویل میں لیا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت سندھ نے تھرڈ پارٹی لائیبلٹی انشورنس کا نظام بھی شروع کیا ہے، جس کا مقصد حادثے کی صورت میں متاثرین کو بروقت معاوضہ فراہم کرنا ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سڑکوں پر ٹریفک سیفٹی اور گاڑیوں کی چیکنگ کا عمل مسلسل جاری ہے، خصوصاً عید اور دیگر تہواروں کے موقع پر سرپرائز چیکنگ کی جاتی ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی اور جرمانے بھی کیے گئے ہیں، جبکہ فائر سیفٹی کے حوالے سے بھی حفاظتی انتظامات لازمی قرار دیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے بعض بسوں کے روٹس میں تبدیلی کی گئی ہے جبکہ مسافروں کی سہولت کے لیے مفت شٹل سروس بھی شروع کی گئی ہے جو تاحال جاری ہے۔ شہری تاج کمپلیکس، کینٹ اور دیگر مقامات سے بلا معاوضہ اس سروس سے سفر کرسکتے ہیں، جبکہ کراچی سے دیگر شہروں کا سفر کرنے والے مسافر بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ مفت شٹل سروس حکومت کے لیے ایک مہنگا انتظام ہے، کراچی کے شہریوں اور پاکستان بھر کے لوگوں کو حکومت سندھ کے ان اقدامات کو سراہنا چاہیے۔
شرجیل میمن نے شہریوں پر بھی زور دیا کہ ٹریفک نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے عوام اپنا کردار ادا کریں، نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں، ذمہ داری سے سفر کریں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کریں تاکہ سڑکوں پر صورتحال مزید بہتر بنائی جاسکے۔



