طلبہ کے لیے بڑی سہولت، الیکٹرک بائیک اسکیم کے تحت لائسنس کا حصول آسان بنا دیا گیا

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے طلبہ کے لیے ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس دینے کے اعلان کے بعد ٹریفک پولیس نے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے۔

ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے لائسنسنگ سینٹرز پر طلبہ و طالبات کے لیے خصوصی انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے تمام سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز کو ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کا عمل آسان بنانے کا حکم دیا ہے۔

ترجمان ای بائیک اسکیم کے مطابق گزشتہ 8 روز کے دوران 2 لاکھ 22 ہزار سے زائد موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے، جبکہ رواں ماہ 6 ہزار 500 سے زائد جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ بھی جاری ہوچکے ہیں۔

ترجمان کے مطابق طلبہ و طالبات اب ایک ہی روز میں موٹر سائیکل کا لرننگ اور ریگولر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرسکیں گے۔ ای بائیک کے خواہشمند طلبہ کو لرننگ لائسنس کے بعد 42 روز انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔

حکام کے مطابق ای بائیک اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کا ہونا ضروری ہے، اسی لیے طلبہ کے لیے لائسنسنگ کا عمل آسان بنایا جا رہا ہے۔

ڈی آئی جی ٹریفک نے لائسنس کے حصول کے لیے آنے والے طلبہ کے لیے بہترین انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے طلبہ پر زور دیا کہ وہ محفوظ ڈرائیونگ کی تربیت حاصل کریں اور ذمہ دار و بااعتماد ڈرائیور بن کر سڑکوں پر گاڑی چلائیں۔

مزید خبریں

Back to top button