مریم نواز نے دوسرے صوبوں کو پنجاب کی مثال دے دی، بڑا مطالبہ سامنے آگیا
وزیر اعلیی پنجاب مریم نواز 3روزہ نجی دورہ کے بعد لندن سے پاکستان کیلئے روانہ ہوگئیں

لندن (جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کی طرح دوسرے صوبوں میں بھی کام ہونا چاہیے، عوام کی خدمت کے لیے محنت کرنا ہوگی اور جب محنت کریں گے تو اس کے نتائج بھی نظر آئیں گے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں ترقی اور عوامی فلاح کے لیے دن رات کام کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت کے لیے عملی اقدامات اور مسلسل محنت ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مسلم لیگ (ن) میں اختلافات یا تقسیم کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں کسی قسم کی کوئی تقسیم نہیں، جماعت متحد ہے اور سب مل کر کام کررہے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پارٹی کو توڑنے یا تقسیم کرنے سے متعلق باتوں میں کوئی حقیقت نہیں، مسلم لیگ (ن) متحد ہوکر اپنا سیاسی اور حکومتی کردار ادا کررہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنی بیٹی کی گریجویشن کے حوالے سے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیٹی کی گریجویشن ان کے اور ان کے خاندان کے لیے خوشی کا موقع ہے۔
وزیر اعلیی پنجاب مریم نواز تین روزہ نجی دورہ کے بعد لندن سے پاکستان کیلئے روانہ ہوگئیں۔



