میر رضا کیس میں بڑا جھٹکا، آئی فون کھولنے میں پنجاب فارنزک لیب بھی ناکام

میر رضا کیس: ایپل واچ اور آئی فون سے اہم ثبوت ملنے کی امید دم توڑ گئی

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) میر رضا کیس میں تفتیش کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آگئی، پنجاب فارنزک لیبارٹری بھی مقتول میر رضا کا آئی فون کھولنے میں کامیاب نہ ہوسکی، جس کے بعد موبائل فون سے اہم شواہد ملنے کی امیدیں دم توڑتی دکھائی دے رہی ہیں۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق پنجاب فارنزک لیبارٹری نے میر رضا کیس کے لیے قائم تحقیقاتی ٹیم کو اس حوالے سے باقاعدہ تحریری طور پر آگاہ کردیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میر رضا کی ایپل واچ اور آئی فون اب تحقیقاتی ٹیم کو واپس بھیجے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق ایپل واچ سے چند اسکرین شاٹس اور میسجز ضرور حاصل ہوئے ہیں، تاہم ابتدائی طور پر یہ مواد تفتیش کے لیے اہم یا فیصلہ کن نہیں سمجھا جارہا۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق دونوں گیجٹس کو 13 اگست کو نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) بھجوایا گیا تھا، تاہم 15 اگست کو میر رضا کے اہلخانہ کی جانب سے این سی سی آئی اے پر تحفظات کے اظہار کے بعد تحقیقاتی ٹیم نے ایپل واچ اور موبائل فون واپس منگوا لیے تھے۔

بعد ازاں تحقیقاتی ٹیم نے دونوں گیجٹس پنجاب فارنزک لیبارٹری بھجوائے، جہاں آئی فون کا ڈیٹا حاصل کرنے اور اسے کھولنے کی کوشش کی گئی، تاہم لیبارٹری موبائل فون تک رسائی حاصل نہ کرسکی۔

اب پنجاب فارنزک لیبارٹری کی جانب سے تحریری جواب ملنے کے بعد تحقیقاتی ٹیم کو موبائل فون اور ایپل واچ واپس کیے جانے کا امکان ہے۔

میر رضا کیس میں موبائل فون اور ایپل واچ کو اہم ڈیجیٹل شواہد کے طور پر دیکھا جارہا تھا، تاہم فون نہ کھلنے اور گھڑی سے ملنے والے مواد کے فی الحال غیر اہم قرار دیے جانے کے باعث تفتیش کاروں کے لیے کیس کے دیگر شواہد کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button