امیشا پٹیل اور ہاردک پانڈیا کی قربت کی افواہیں، اداکارہ نے خاموشی توڑ دی

ممبئی (جانو ڈاٹ پی کے) بالی ووڈ اداکارہ امیشا پٹیل نے بھارتی کرکٹر ہاردک پانڈیا کے ساتھ مبینہ رومانوی تعلقات کی خبروں پر خاموشی توڑتے ہوئے سوشل میڈیا صارف کو ایسا طنزیہ جواب دے دیا کہ افواہوں کو ہوا دینے والوں کو جواب مل گیا۔

معاملہ اس وقت شروع ہوا جب ممبئی کے معروف تاج محل پیلس میں منعقدہ ایک نجی تقریب کے دوران امیشا پٹیل اور ہاردک پانڈیا کو ایک ساتھ دیکھا گیا۔ تقریب کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں اداکارہ اپنے چند دوستوں سے بھارتی کرکٹر کا تعارف بھی کرواتی دکھائی دیں۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آتے ہی صارفین نے دونوں کی ملاقات کو مختلف انداز میں دیکھنا شروع کردیا اور امیشا پٹیل اور ہاردک پانڈیا کے درمیان رومانوی تعلقات سے متعلق قیاس آرائیاں ایک مرتبہ پھر گردش کرنے لگیں۔

ایک سوشل میڈیا صارف نے ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ امیشا پٹیل کا ہاردک پانڈیا کے کندھے پر ہاتھ رکھنا دونوں کے درمیان مبینہ قربت کی علامت ہے، جس سے ان کے تعلقات سے متعلق پہلے سے جاری افواہوں کو تقویت ملتی ہے۔

تاہم اداکارہ نے اس تبصرے کو نظر انداز کرنے کے بجائے طنزیہ انداز میں جواب دیتے ہوئے ایسی قیاس آرائیوں کو بے بنیاد قرار دیا۔ امیشا پٹیل کے مطابق عام دوستوں کی ملاقات اور ایک ساتھ نظر آنے کو بلاوجہ محبت اور رومانوی تعلق کا رنگ دیا جا رہا ہے۔

اداکارہ کے ردعمل کے بعد سوشل میڈیا پر ایک بار پھر یہ بحث شروع ہوگئی کہ محض کسی تقریب میں دو معروف شخصیات کا ایک ساتھ نظر آنا کیا واقعی ان کے درمیان رومانوی تعلق کا ثبوت ہوسکتا ہے؟

امیشا پٹیل کے جواب سے کم از کم یہ بات واضح ہوگئی کہ وہ ہاردک پانڈیا کے ساتھ اپنے تعلق سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں کو حقیقت تسلیم نہیں کرتیں اور انہیں محض سوشل میڈیا قیاس آرائیاں سمجھتی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button