’دی ممی‘ واپس آگئی! برینڈن فریزر نے مداحوں کو سب سے بڑی خوشخبری سنا دی

ہالی ووڈ (جانو ڈاٹ پی کے) ’دی ممی‘ کے مداحوں کا طویل انتظار ختم ہونے جا رہا ہے، ایکشن اور ایڈونچر سے بھرپور مقبول فرنچائز ایک مرتبہ پھر بڑے پردے پر واپسی کے لیے تیار ہے، جبکہ سابق مرکزی اداکار برینڈن فریزر نے نئی فلم کی شوٹنگ شروع ہونے کی بڑی خبر دے دی ہے۔

برینڈن فریزر نے فرانس میں ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران نئی ’دی ممی‘ فلم کی تیاری کے حوالے سے اہم پیش رفت کی تصدیق کی۔ اداکار نے بتایا کہ انہیں جلد کام پر واپس جانا ہے، جس کے بعد نئی فلم کی شوٹنگ کا آغاز 7 ستمبر 2026 سے ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

فریزر کی جانب سے شوٹنگ شروع ہونے کی تصدیق نے ’دی ممی‘ کے پرانے مداحوں میں زبردست جوش پیدا کردیا ہے، کیونکہ نئی فلم میں وہ ایک مرتبہ پھر مشہور کردار رک او کونل کے روپ میں نظر آئیں گے۔

نئی فلم میں صرف برینڈن فریزر ہی نہیں بلکہ فرنچائز کے کئی پرانے چہرے بھی واپس آرہے ہیں۔ ریچل ویز بھی اپنی سابقہ ساتھی اداکار کے ساتھ دوبارہ نظر آئیں گی، جبکہ جان ہنّا، اوڈیڈ فیر اور کیون جے او کونر کی واپسی بھی رپورٹ ہوچکی ہے۔

خاص طور پر کیون جے او کونر کی واپسی نے مداحوں کو حیران کردیا ہے۔ انہوں نے 1999 کی ’دی ممی‘ میں مشہور چور بینی گیبر کا کردار ادا کیا تھا۔ اوڈیڈ فیر بھی فرنچائز میں آردتھ بے کے کردار کے لیے جانے جاتے ہیں۔

فلم کی کہانی کو فی الحال راز میں رکھا گیا ہے، تاہم پرانے کرداروں اور اصل کاسٹ کے اہم ارکان کی واپسی نے یہ سوال ضرور اٹھا دیا ہے کہ نئی فلم ماضی کی کہانی سے کس طرح جڑے گی۔

’دی ممی‘ کی نئی فلم کی ہدایت کاری میٹ بیٹینیلی-اولپن اور ٹائلر گلیٹ کررہے ہیں، جبکہ یونیورسل پکچرز نے فلم کی سنیما ریلیز 15 اکتوبر 2027 کے لیے مقرر کر رکھی ہے۔

برینڈن فریزر کی واپسی اور فرنچائز کے کئی مقبول چہروں کے دوبارہ اکٹھا ہونے سے ’دی ممی 4‘ ہالی ووڈ کی ان فلموں میں شامل ہوگئی ہے جن کا مداح بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button