گل پلازا آتشزدگی کیس میں اہم پیشرفت، پولیس نے مارکیٹ ایسوسی ایشن کو مرکزی ذمہ دار قرار دے دیا

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) گل پلازا آتشزدگی کیس میں اہم پیشرفت سامنے آگئی، پولیس نے مقدمے کا چالان عدالت میں جمع کرا دیا، جس میں مارکیٹ ایسوسی ایشن کو واقعے کا مرکزی ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔
پولیس چالان کے مطابق کیس میں 87 گواہان کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ گل پلازا میں فائر سیفٹی انتظامات پر بھی اہم سوالات اٹھائے گئے ہیں۔
چالان میں کہا گیا ہے کہ تفتیش کے دوران کے ایم سی، فائر بریگیڈ اور سول ڈیفنس کی جانب سے کسی غفلت کے شواہد نہیں ملے۔ تفتیشی ٹیم نے سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت مختلف اہم شواہد بھی حاصل کیے۔
فارنزک رپورٹ کے مطابق آتشزدگی کے مقام سے اشیاء میں کسی قسم کا دھماکا خیز مواد نہیں ملا، جبکہ کسی قابلِ اشتعال مائع کے آثار بھی سامنے نہیں آئے۔ بعض اشیاء میں جلنے کے بعد باقی رہ جانے والے ذرات کی موجودگی کی نشاندہی کی گئی ہے۔
پولیس چالان میں گل پلازا انتظامیہ کی مبینہ غفلت اور فائر سیفٹی انتظامات کا بھی تفصیلی ذکر کیا گیا ہے۔ دکانوں اور عمارت میں موجود حفاظتی انتظامات سے متعلق مختلف افراد کے بیانات بھی چالان کا حصہ بنائے گئے ہیں۔
پولیس نے مقدمے کا چالان مزید قانونی کارروائی اور عدالتی حکم کے لیے عدالت میں جمع کرا دیا ہے، جس کے بعد کیس میں آئندہ پیش رفت عدالت کی کارروائی سے منسلک ہوگی۔



