بسنت 2027 کی تیاریاں شروع، پتنگ اور ڈور سازوں کی رجسٹریشن کا آغاز

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) بسنت 2027 کے لیے پتنگ اور ڈور بنانے والے مینوفیکچررز کی رجسٹریشن کا آغاز ہوگیا، جبکہ پتنگ بازی کے سامان کی تیاری کے لیے اجازت ناموں کا حصول بھی جاری ہے۔
انتظامیہ کے مطابق بسنت کے لیے پتنگ بازی کا سامان تیار کرنے والے مینوفیکچررز کی رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے۔ صرف این او سی حاصل کرنے والے افراد ہی منظور شدہ پتنگ اور ڈور تیار کرسکیں گے۔
حکام کے مطابق پتنگ بازی کے سامان کی تیاری کے لیے صرف منظور شدہ سائز کی پتنگ، پنا اور سوتی ڈور استعمال کرنے کی اجازت ہوگی، جبکہ مینوفیکچررز کے لائسنس کے لیے ایک ہزار روپے فیس مقرر کی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں منظور شدہ سامان کی تیاری کی کڑی نگرانی کریں گی اور خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بسنت کے دوران حفاظتی ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے تیار کیے جانے والے پتنگ بازی کے سامان کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔



