بجلی صارفین کیلئے بڑی خوشخبری، ڈیٹیکشن بلنگ کا نظام ڈیجیٹل اور خودکار بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاور ڈویژن نے بجلی صارفین کو غیر ضروری مشکلات اور اضافی مالی بوجھ سے بچانے کے لیے ڈیٹیکشن بلنگ کے نظام میں بنیادی اصلاحات کا فیصلہ کر لیا۔
ماضی میں میٹر کی خرابی، تکنیکی نقص یا بجلی کی کھپت کا درست ریکارڈ دستیاب نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ قواعد کے تحت صارف کی متوقع کھپت کا تخمینہ لگا کر ڈیٹیکشن بل جاری کیا جاتا رہا ہے۔ تاہم بعض معاملات میں تخمینہ شدہ کھپت حقیقی استعمال سے مطابقت نہ رکھنے کے باعث صارفین کو اضافی بلنگ اور شکایات کے طویل عمل کا سامنا کرنا پڑا۔
پاور ڈویژن کے مطابق ڈیٹیکشن بلنگ کے موجودہ نظام میں انسانی مداخلت اور صوابدیدی اختیارات کی گنجائش کے باعث شفافیت اور بے ضابطگیوں سے متعلق خدشات بھی سامنے آتے رہے ہیں۔
ان مسائل کے پیش نظر ڈیٹیکشن بلنگ کے نظام کو ڈیجیٹل اور خودکار بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کا مقصد انسانی مداخلت کو کم سے کم کرنا اور صارفین کے لیے بلنگ کے عمل کو زیادہ شفاف بنانا ہے۔
اس سلسلے میں تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو نیپرا کے کنزیومر سروس مینول میں ضروری ترامیم اور دیگر متعلقہ اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
نئے نظام کے تحت ڈیٹیکشن بلنگ اور اس سے متعلق ریکوری کے عمل کی ماہانہ بنیادوں پر نگرانی کی جائے گی تاکہ اوور بلنگ اور غیر معمولی رجحانات کی بروقت نشاندہی کرکے ذمہ داروں کے خلاف ضروری کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔
وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے کہا ہے کہ پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات کا بنیادی مقصد بجلی صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا اور نظام میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔



