پنجاب میں جرائم کی شرح 70 فیصد کم ہوگئی، کچے میں ریاست کی رٹ قائم ہے، مریم نواز

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں جرائم کی شرح میں 70 فیصد کمی واقع ہوئی ہے، جبکہ صوبے کے مختلف اداروں کا ایک یونٹ کی طرح کام کرنا حکومت کی بڑی طاقت ہے۔
پنجاب کے آرٹیفیشل انٹیلی جنس سنٹر کے افتتاح کے موقع پر مریم نواز نے کہا کہ حکومت نے قانون کی پاسداری ہر طبقے کے لیے یقینی بنانے کی کوشش کی ہے، تاہم قانون دوسروں پر لاگو ہونے پر خوشی ہوتی ہے لیکن خود اس پر عمل کرنا مشکل محسوس ہوتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کو ہیلمٹ کی پابندی کا عادی بنانا ایک مشکل فیصلہ تھا۔ موٹرسائیکل سواروں کے حادثات کا سن کر انہیں دکھ ہوتا ہے۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی پر انہیں تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے، لیکن تنقید سے بچنے کے لیے وہ بھی خاموش بیٹھ سکتی تھیں۔
مریم نواز نے بچوں کے ساتھ ہراسانی کے واقعات کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات دیکھ کر انسانیت پر سے اعتماد اٹھنے لگتا ہے۔ محفوظ ماحول فراہم کرنا آسان کام نہیں، اس مقصد کے لیے خود کو خطرے میں ڈال کر مشکل فیصلے کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج سب کی نظریں پنجاب پر ہیں، صوبے میں امن و امان بہتر بنانے کے لیے اربوں روپے خرچ کیے گئے ہیں۔ دہشتگردوں کے پاس نائٹ وژن کیمرے تھے، حکومت نے اپنی پولیس کو بھی نائٹ وژن کیمروں سے لیس کیا ہے جبکہ صوبائی سرحدوں کو محفوظ بنانے کے لیے چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق ماضی میں کچے کے علاقے سے رہزنی اور دیگر جرائم کے کیسز رپورٹ ہوتے تھے، تاہم اب کچے کا علاقہ کرائم فری ہے اور وہاں ریاست کی رٹ قائم ہوچکی ہے۔



