پشاور:دہشتگردوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید

پشاور(جانوڈاٹ پی کے)پشاور کے تھانہ متنی کی حدود مریم زئی میں نامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار فاروق شاہ شہید ہوگیا۔
پولیس کے مطابق پشاور میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے اہلکار فاروق شاہ سکنہ مریم زئی کی نماز جنازہ ملک سعد شہید پولیس لائن میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔
شہید اہلکار کی نماز جنازہ میں سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد، کمانڈر 102 بریگیڈ بریگیڈیئر مبشر، چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ، ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان، پاک آرمی کے حکام، سی ٹی ڈی افسران، ایس پی ہیڈ کوارٹرز علی گوہر، شہید کے لواحقین اور پولیس افسران و جوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی، پولیس اور پاک آرمی حکام نے شہید کے جسد خاکی پر پھول چڑھائے اور ان کے بلند درجات کے لیے خصوصی دعا کی۔
اس موقع پر سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے شہید کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ شہید کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا۔



