راولپنڈی میں خاتون کی پھندہ لگی لاش برآمد، خودکشی یا قتل؟ شوہر سمیت 2 افراد گرفتار

راولپنڈی (جانو ڈاٹ پی کے) اڈیالہ روڈ حبیب لائن میں خاتون کی گھر کے کمرے سے پھندہ لگی لاش ملنے کے بعد پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا، جبکہ مقتولہ کے شوہر سمیت دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

تھانہ صدر بیرونی میں مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے مطابق خاتون کی شادی دو سال قبل تنویر نامی شخص سے ہوئی تھی، جو دبئی میں ملازمت کرتا تھا اور تقریباً چار ماہ قبل پاکستان واپس آیا تھا۔

مقدمے کے متن کے مطابق تنویر کے لڑکیوں سے فون پر بات کرنے اور زیادہ وقت گھر سے باہر گزارنے کے باعث میاں بیوی کے درمیان اکثر ناچاقی رہتی تھی۔ مقتولہ کے بھائی کا الزام ہے کہ گزشتہ چار روز سے اس کا بہنوئی مبینہ طور پر اس کی بہن کو ذہنی دباؤ میں رکھے ہوئے تھا۔

ایف آئی آر کے مطابق واقعے سے کچھ دیر قبل مقتولہ نے اپنی والدہ کو فون کرکے بتایا تھا کہ سسرال والے اسے پریشان کر رہے ہیں۔

بعدازاں مقتولہ کے بھائی نے فون کیا تو کال اس کی نند فضا نے اٹینڈ کی اور بتایا کہ خاتون نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی ہے۔

مقتولہ کے بھائیوں کے موقع پر پہنچنے پر خاتون کی لاش کمرے میں پھندے سے لٹکی ہوئی ملی۔ اہل خانہ نے الزام عائد کیا کہ مقتولہ کو اس کے شوہر تنویر نے عبدالعزیز کے ساتھ مل کر مبینہ طور پر گلے میں پھندا ڈال کر قتل کیا۔

پولیس نے مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں تنویر اور عبدالعزیز کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا اور دونوں کو حراست میں لے لیا ہے۔

دوسری جانب پوسٹ مارٹم کے دوران موت کی حتمی وجہ سامنے نہ آنے پر مقتولہ کے جسم سے مختلف سیمپلز حاصل کرکے فرانزک تجزیے کے لیے لاہور بھجوا دیے گئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فرانزک رپورٹ اور دیگر شواہد کی روشنی میں موت کی اصل وجہ اور واقعے کی حقیقت سامنے لانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button