مہنگائی پھر بے قابو! ایک ہفتے میں پیاز نے عوام کی کمر توڑ دی، پٹرول سمیت 17 اشیاء مہنگی

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) رواں مالی سال 2026-27 کے تیسرے ماہ کے آغاز ہی میں مہنگائی نے ایک بار پھر عوام کو بڑا جھٹکا دے دیا، ستمبر 2026 کے پہلے ہفتے میں مہنگائی کی رفتار میں 0.65 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 8.32 فیصد تک پہنچ گئی۔
وفاقی ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق حالیہ ایک ہفتے کے دوران 17 اشیائے ضروریہ مہنگی، 7 سستی جبکہ 27 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
رپورٹ کے مطابق عوام کو سب سے بڑا دھچکا پیاز کی قیمت میں 26.30 فیصد اضافے کی صورت میں لگا، جبکہ چکن بھی 0.85 فیصد مہنگا ہوگیا۔
اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران آلو 0.96 فیصد، لہسن 0.18 فیصد، سرسوں کا تیل 0.13 فیصد، دال ماش 0.67 فیصد، پٹرول 0.90 فیصد، ہائی اسپیڈ ڈیزل 0.09 فیصد اور آٹا 0.88 فیصد مہنگا ہوگیا۔
دوسری جانب کچھ اشیاء کی قیمتوں میں معمولی کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق کیلے کی قیمت 2.54 فیصد، دال مونگ 0.69 فیصد، دال چنا 0.6 فیصد، چینی 0.18 فیصد، انڈے 0.11 فیصد اور گڑ 0.05 فیصد سستا ہوا۔
مہنگائی کی مجموعی رفتار میں مسلسل اضافے نے شہریوں کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں، جبکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کے باعث گھریلو بجٹ پر دباؤ برقرار ہے۔



