تجارت کے فروغ کے لیے بڑا فیصلہ، وزیراعظم کی زیرصدارت ٹریڈ فیسلیٹیشن بورڈ قائم کرنے کی منظوری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تجارت میں سہولیات کی فراہمی، برآمدات کے فروغ اور ملکی بندرگاہوں کی استعداد کار بہتر بنانے کے لیے اہم اقدامات کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم کی زیرصدارت تجارت میں سہولیات کی فراہمی سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں ٹریڈ فیسلیٹیشن بورڈ کے قیام کی منظوری دی گئی۔ وزیراعظم خود بورڈ کی صدارت کریں گے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ مجوزہ ٹریڈ فیسلیٹیشن بورڈ تجارت کی مکمل سپلائی چین میں بہتری لانے کے ساتھ سرحد پار تجارت سے متعلق تمام نان ٹیرف امور پر فیصلے کرے گا۔

بورڈ تجارت کے فروغ کے لیے روڈ میپ، ٹریڈ فیسلیٹیشن انڈیکس اور مانیٹرنگ سے متعلق حکمت عملی بھی وضع کرے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی بندرگاہوں کی استعداد کار بہتر بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے اور اس مقصد کے لیے مختلف ورکنگ گروپس تشکیل دینے کی ہدایت کی۔

ورکنگ گروپس بندرگاہوں کی کارکردگی بہتر بنانے، متعلقہ محکموں کے درمیان رابطہ و ہم آہنگی بڑھانے، ریگولیٹری فریم ورک پر عملدرآمد، پری ارائیول کلیئرنس اور بین الاقوامی تجارت میں چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں کی شمولیت سے متعلق امور پر کام کریں گے۔

وزیراعظم نے درآمد کنندگان اور برآمد کنندگان کے لیے بندرگاہوں پر مال کی ترسیل، کلیئرنس اور دیگر متعلقہ امور کو مزید آسان بنانے اور زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جاری اصلاحات کے نتیجے میں پورٹ چارجز میں کمی کی گئی ہے، جس کے بعد بندرگاہوں کے استعمال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ جہازوں کی آمد سے قبل گڈز ڈیکلریشن جمع کرانے کی سہولت میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

حکومت کی جانب سے بندرگاہوں کے نظام میں جدید سہولیات، بہتر انتظامی اقدامات اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر بحری امور جنید انور چوہدری، وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت ہارون اختر، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button