ڈیرہ بگٹی میں مسلح افراد کی فائرنگ، بگٹی قبیلے کی معروف لوک گلوکارہ مائی صوبھائی جاں بحق


ڈیرہ بگٹی(جانوڈاٹ پی کے) بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے بگٹی قبیلے سے تعلق رکھنے والی خاتون لوک گلوکارہ مائی صوبھائی جاں بحق ہوگئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلح افراد نے ڈیرہ بگٹی کے علاقے میں مائی صوبھائی کو نشانہ بنایا اور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق واقعے کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے، مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملوث افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔
مائی صوبھائی کو بگٹی قبیلے کی پہلی خاتون لوک گلوکارہ قرار دیا جاتا تھا۔ وہ قبائلی روایات سے ہٹ کر عوامی سطح پر موسیقی پیش کرنے کے حوالے سے جانی جاتی تھیں۔
ان کے قتل نے بلوچستان کے قبائلی اور قدامت پسند علاقوں میں عوامی سطح پر فن کا مظاہرہ کرنے والی خواتین کو درپیش مشکلات اور خطرات کی جانب بھی توجہ مبذول کرائی ہے۔