ایکسائز دفاتر میں ایجنٹوں کی بھرمار، شہری پریشان، سیکرٹری نے ایک ہفتے کی مہلت دے دی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے دفاتر میں پرائیویٹ افراد اور ایجنٹوں کی مبینہ بھرمار کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ موٹر برانچز، پراپرٹی ٹیکس اور پروفیشنل ٹیکس کے شعبوں میں غیر متعلقہ افراد کے کام کرنے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق موٹر برانچز میں پرائیویٹ افراد ایکسائز ملازمین کے ساتھ کام کر رہے ہیں، جبکہ پراپرٹی اور پروفیشنل ٹیکس کے شعبوں میں بلنگ کا کام مبینہ طور پر پرائیویٹ اور ریٹائرڈ ملازمین نے سنبھال رکھا ہے۔

محکمہ ایکسائز میں یہ بھی شکایات سامنے آئی ہیں کہ بعض سرکاری ملازمین اپنے کام نمٹانے کے لیے نجی افراد کی خدمات حاصل کرکے انہیں معاوضہ ادا کرتے ہیں۔ حکام کے مطابق سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے نجی افراد پر انحصار کرنا ایک سنگین انتظامی صورتحال کی نشاندہی کرتا ہے۔

سیکرٹری ایکسائز مسعود مختار نے شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے دفاتر میں غیر ملازم افراد کی موجودگی ختم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ انہوں نے لاہور سمیت پنجاب بھر کے تمام ڈائریکٹرز کو غیر متعلقہ افراد کو دفاتر سے نکالنے کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دی ہے۔

تاہم اب تک ان اہلکاروں یا افسران کے خلاف کوئی تادیبی یا محکمانہ کارروائی نہیں کی گئی جنہوں نے مبینہ طور پر اپنے فرائض کی انجام دہی کے لیے پرائیویٹ افراد کی خدمات حاصل کر رکھی ہیں۔

سیکرٹری ایکسائز مسعود مختار کا کہنا ہے کہ کرپٹ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے، تمام اضلاع میں سرپرائز وزٹ کیے جائیں گے اور ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے دفاتر کی چیکنگ بھی کی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button