لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران شیخ مستعفی، ذاتی وجوہات پر عہدہ چھوڑ دیا

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد راحیل کامران شیخ نے ذاتی وجوہات کی بنا پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
جسٹس راحیل کامران شیخ نے استعفیٰ صدرِ پاکستان کو بھجوا دیا ہے، جبکہ اس کی نقل رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کو بھی ارسال کردی گئی ہے۔ انہوں نے آئین کے آرٹیکل 206 کے تحت فوری طور پر استعفیٰ دیا۔
جسٹس محمد راحیل کامران شیخ 7 مئی 2021 کو لاہور ہائیکورٹ کے جج مقرر ہوئے تھے۔ استعفیٰ دینے کے وقت وہ ججز کی سنیارٹی لسٹ میں 27ویں نمبر پر تھے اور انہیں 20 جنوری 2036 کو ریٹائر ہونا تھا۔
اپنے استعفے میں جسٹس راحیل کامران شیخ نے کہا کہ بطور فقیہ مزید علمی و پیشہ ورانہ ترقی اور قانون کی حکمرانی میں وسیع تر کردار ادا کرنے کے لیے بینچ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ قانونی اسکالرشپ، پالیسی ریسرچ اور تقابلی عدالتی مشق کے شعبوں میں وسیع تر کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے استعفے میں مزید کہا کہ بینچ پر گزارے گئے سال ان کی پیشہ ورانہ زندگی کے سب سے زیادہ تشکیل دینے والے اور تکمیل پذیر ادوار میں شامل رہے۔ جسٹس راحیل کامران نے اپنے سینئر ساتھی ججز اور عدالتی عملے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئین اور قانون کی حکمرانی سے مستقل وابستگی کے ساتھ بینچ سے رخصت ہو رہے ہیں۔



