وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کا 100 روزہ اصلاحاتی ایجنڈے پر فوری عملدرآمد کا حکم

مظفرآباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے اپنی حکومت کے پہلے اجلاس میں 100 روزہ اصلاحاتی ایجنڈے پر فوری عملدرآمد کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم نے بیوروکریسی کو ہدایت کی کہ عام آدمی کو فوری ریلیف فراہم کرنے، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے، نوجوانوں کے لیے پروگرام شروع کرنے اور صحت و سفری سہولیات میں بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
افتخار گیلانی نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی محض اعلانات تک محدود نہیں رہے گی بلکہ اس کے نتائج زمینی سطح پر نظر آئیں گے۔ عام آدمی کی مشکلات کم کرنا حکومت کا اولین ایجنڈا ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت وزیراعظم سیکرٹریٹ میں سیکرٹریز حکومت کا اجلاس ہوا، جس میں چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خوشحال خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل ظہیر الدین قریشی، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سردار محمد ظفر، پرنسپل سیکرٹری سردار عدنان خورشید سمیت مختلف محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح نظام میں اصلاحات لاکر عام آدمی کے لیے آسانیاں پیدا کرنا اور نئے مواقع فراہم کرنا ہے۔ حکومت اور انتظامیہ ٹیم ورک کے ذریعے عوامی مسائل حل کریں گے اور عوام کو عملی تبدیلی نظر آنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بے روزگاری ایک بڑا چیلنج ہے، جس سے نمٹنے کے لیے نوجوانوں کو معاشی سرگرمیوں میں شامل کرنے کے پروگرام شروع کیے جائیں گے۔ طلب اور مارکیٹ کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہنرمند پروگرام بھی متعارف کرایا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو روزگار کے لیے ضروری مہارتیں فراہم کی جاسکیں۔
افتخار گیلانی نے کہا کہ حکومت عام آدمی کو سفری سہولیات اور صحت کے شعبے میں ریلیف دینے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرے گی، جبکہ بنیادی سہولیات کی فراہمی اور سرکاری نظام میں بہتری بھی حکومت کے ایجنڈے کا اہم حصہ ہے۔
وزیراعظم نے تمام محکموں کو 100 روزہ اصلاحاتی ایجنڈے پر فوری عملدرآمد شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا ایجنڈا عام آدمی کا ایجنڈا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 100 روزہ اصلاحاتی ایجنڈا حکومت کی ترجیحات کا واضح روڈ میپ ہے، جس پر عملدرآمد سے انتظامی اور عوامی سطح پر بہتری لائی جائے گی۔
افتخار گیلانی کے مطابق 100 روزہ اصلاحاتی ایجنڈے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت کی آزاد کشمیر کے معاملات اور عوامی مسائل کے حل میں سنجیدگی بھی ظاہر ہوتی ہے۔ مرکزی قیادت کے تعاون سے ریاست میں گڈ گورننس، عوامی سہولیات اور معاشی مواقع کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
قبل ازیں وزیراعظم افتخار گیلانی وزیراعظم سیکرٹریٹ پہنچے تو پرنسپل سیکرٹری سردار عدنان خورشید، افسران اور ملازمین نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم نے سیکرٹریٹ کے ملازمین سے فرداً فرداً مصافحہ بھی کیا۔



