نیدرلینڈز کے مرکزی بینک نے امریکا اور کینیڈا میں رکھا اپنا 86 ٹن سونا برطانیہ منتقل کردیا

نیدرلینڈز(جانوڈاٹ پی کے)نیدرلینڈز کے مرکزی بینک نے بدھ کے روز اعلان کیا ہے کہ اس نے ’بڑھتی ہوئی جغرافیائی و سیاسی کشیدگی‘ کے پیش نظر اپنے سونے کے ذخائر میں سے 86 ٹن سونا امریکا اور کینیڈا سے نکال کر برطانیہ منتقل کر دیا ہے۔
ڈچ مرکزی بینک ‘ڈی این بی’ (DNB) کا کہنا ہے کہ نیویارک اور اوٹاوا کی نسبت لندن میں رکھے گئے سونے کے ذخائر کی تجارت زیادہ آسانی سے کی جا سکتی ہے۔
بینک کے مطابق 2025 کے اختتام پر نیدرلینڈز کے پاس 612.4 ٹن سونے کے ذخائر تھے جن کی مجموعی مالیت 72.2 ارب یورو بنتی ہے۔
اس تازہ ترین منتقلی سے قبل ڈچ سینٹرل بینک کا 31.3 فیصد سونا نیویارک اور 19.7 فیصد سونا اوٹاوا میں موجود تھا، اس اقدام کے بعد اب امریکا میں نیدرلینڈز کے سونے کے ذخائر کا حصہ کم ہو کر 18.5 فیصد جبکہ کینیڈا میں بھی 18.5 فیصد رہ گیا ہے۔
دوسری جانب لندن میں رکھے گئے سونے کا حصہ 18.1 فیصد سے بڑھ کر 32.1 فیصد ہو گیا ہے، بینک کا 30.8 فیصد سونا اب بھی نیدرلینڈز میں ہی موجود ہے۔
بینک نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ منتقلی جزوی طور پر سونے کی خرید و فروخت اور جزوی طور پر سونے کی منتقلی کے ذریعے عمل میں لائی گئی ہے۔
بینک نے امریکا اور کینیڈا سے 27 ٹن سے زائد سونا ڈچ شہر زیسٹ منتقل کیا اور پھر اتنا ہی سونا زیسٹ سے لندن منتقل کر دیا گیا۔



