ٹرمپ کی تصویر والے سنہری رنگ کے ایک ڈالر کے سکے فروخت کیلئے پیش

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکی محکمہ خزانہ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر والے سنہری رنگ کے 1 ڈالر کے سکوں کی فروخت شروع کر دی ہے جن کی قیمت تقریباً 1.55 ڈالر سے لے کر 2.44 ڈالر تک رکھی گئی ہے۔

ان سکوں کا اعلان پہلی بار رواں سال جولائی میں کیا گیا تھا، سکے کے سامنے والے حصے پر ڈونلڈ ٹرمپ کے چہرے کی شبیہہ موجود ہے، جس کے ساتھ ’Liberty’، ‘In God We Trust‘ اور ’2026 ~ 1776‘ کے الفاظ کندہ ہیں۔

سکے کے عقب پر صدارتی مہر نقش ہے جس میں ایک عقاب زیتون کی شاخ اور تیروں کا گچھا پکڑے ہوئے ہے جبکہ امریکا کی 250 ویں سالگرہ کی مناسبت سے ’250‘ کا ہندسہ بھی درج ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق ان سکوں کی قیمت خریدی جانے والی مقدار پر منحصر ہے۔ 25 سکوں کے رول کی قیمت 61 ڈالر رکھی گئی ہے جبکہ 100 سکوں پر مشتمل بیگ 154.50 ڈالر میں دستیاب ہے۔

امریکی قوانین کے تحت عام طور پر کرنسی پر صرف انتقال کر جانے والی شخصیات کی تصاویر ہی شائع کی جا سکتی ہیں تاہم ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 2020 کے ایک قانون کے تحت ملک کی 250 ویں سالگرہ کی یاد میں نئے ڈیزائن جاری کرنے کی اجازت ہے جس کے تحت موجودہ صدر کی تصویر سکے پر دی جا سکتی ہے۔

بدھ کے روز یو ایس منٹ نے واضح کیا کہ ان نئے سکوں کو قانونی کرنسی کے طور پر لین دین کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے تاہم انہیں بطور یادگار بھی پیش کیا گیا ہے۔

ٹرمپ کی تصویر والے یہ سکے بظاہر سنہری رنگ کے ہیں، لیکن حقیقت میں یہ زیادہ تر تانبے  سے بنائے گئے ہیں، جن میں 6 فیصد زنک، 3.5 فیصد مینگنیز اور 2 فیصد نکل شامل ہے، ان سکوں کی تیاری میں سونا استعمال نہیں کیا گیا۔

یو ایس منٹ نے یہ بھی بتایا کہ وہ اپنی ویب سائٹ پر فروخت کے لیے پیش کیے گئے بیگز اور رولز میں ڈھائی لاکھ  خصوصی July 4th کی مہر والے  سکے بھی شامل کر رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button