وزیراعظم شہباز شریف 3 روزہ دورے پر کرغزستان روانہ، ایس سی او اجلاس میں شرکت کریں گے

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم محمد شہباز شریف تین روزہ دورے پر کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک روانہ ہوگئے، جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس میں شرکت اور خطاب کریں گے۔
وزیراعظم اپنے خطاب میں اہم علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے، جبکہ ایس سی او پلس سربراہی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔
دورۂ کرغزستان کے دوران وزیراعظم شہباز شریف ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوں گے۔
وزیراعظم کی مختلف ممالک کے رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں باہمی تعلقات، تجارت و سرمایہ کاری، علاقائی تعاون اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف کرغزستان کے صدر صدر ژاپاروف سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا جائے گا۔
دورے کے دوران تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، علاقائی روابط، تعلیم، سیاحت اور عوامی روابط کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت ہوگی۔
وفاقی وزراء جام کمال خان، علیم خان اور عطاء اللہ تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ کرغزستان روانہ ہوئے ہیں۔



