پاکستان میں صرف بیوروکریسی احتساب سے محفوظ اور ناقابل گرفت ہے، خواجہ آصف

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان میں حکمران اشرافیہ کے تقریباً ہر طبقے کو اپنے اقدامات کی قیمت چکانا پڑی، تاہم بیوروکریسی احتساب سے محفوظ اور ناقابلِ گرفت رہی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ کرپشن، بدانتظامی اور دیگر الزامات پر حکمران اشرافیہ کے خلاف کارروائیاں ہوتی رہی ہیں، لیکن بیوروکریسی احتساب سے محفوظ رہی۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کو شاید ہی اس بات کا احساس ہو کہ ملک پر بیوروکریٹس بھی حکمرانی کرتے رہے ہیں۔ ان کے مطابق سابق گورنر جنرل غلام محمد اور سابق وزیراعظم محمد علی بیوروکریٹ تھے، جبکہ سابق صدور سکندر مرزا اور غلام اسحاق خان بھی بیوروکریسی سے تعلق رکھتے تھے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ یہ سب کچھ ایسے دور میں ہوا جب بظاہر اقتدار سیاست دانوں کے پاس تھا۔

انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ بیوروکریٹس کو عام طور پر موردِ الزام نہیں ٹھہرایا جاتا، جبکہ سیاست دانوں کی نااہلی اور باہمی اختلافات نے بیوروکریسی کو اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کا موقع فراہم کیا۔

وزیر دفاع کے مطابق اگر سیاست دان اپنی اصلاح کریں تو بیوروکریسی میں بھی خود بخود اصلاح اور احتساب کا عمل شروع ہوجائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button