نیپال کے تباہ کن سیلاب کے اثرات بھارت تک پہنچ گئے، دریائے گنڈک میں طغیانی، الرٹ جاری

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) نیپال میں تباہ کن سیلاب کے بعد بھارت میں بھی خطرہ بڑھ گیا، اتر پردیش میں دریائے ناراینی گنڈک کی سطح بلند ہونے پر نشیبی علاقوں میں الرٹ جاری کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نیپال سے بہہ کر آنے والی لاشیں دریائے گنڈک سے برآمد ہوئی ہیں، جبکہ بہار میں بھی مختلف دریاؤں کی سطح بلند ہوگئی اور کئی مقامات پر پانی خطرے کے نشان سے اوپر پہنچ گیا۔
بھارتی محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں انتہائی شدید بارشوں کی پیشگوئی بھی کردی ہے۔
دوسری جانب لداخ کے علاقے ستکپا سانکو میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث اچانک سیلاب آگیا۔ شدید سیلابی ریلے کے ساتھ کیچڑ، بڑے پتھر اور ملبہ بہہ کر ندی میں پہنچ گیا، تاہم فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ادھر نیپال کے سرحدی علاقوں میں تباہ کن سیلاب کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 903 تک پہنچ گئی۔
نیپالی حکام کے مطابق سیلابی ریلوں کے باعث 2 ہزار 500 سے زائد افراد لاپتہ ہیں، جبکہ ہائیڈرو پاور منصوبوں کے 6 مقامات پر 933 کارکن پھنسے ہوئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ سرنگوں میں پھنسے ہائیڈرو پاور منصوبوں کے کارکنوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔



