چلتی ٹرین سے نوٹوں کی بارش، عوام کی دوڑیں لگ گئیں

اترپردیش (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست اترپردیش میں چلتی ٹرین سے اچانک نوٹ گرنے کے بعد ریلوے اسٹیشن پر موجود افراد میں رقم سمیٹنے کے لیے بھگدڑ جیسی صورتحال پیدا ہوگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ دلچسپ واقعہ گورکھپور کے پیپی گنج ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا، جہاں گورکھپور سے ممبئی کے علاقے پنویل جانے والی ایکسپریس ٹرین گزر رہی تھی۔
رپورٹس کے مطابق جمعہ کی صبح تقریباً 6 بجے اسٹیشن پر موجود افراد نے ہوا میں پانچ سو روپے کے نوٹ اڑتے دیکھے تو انہیں سمیٹنے کے لیے دوڑ پڑے۔ جس شخص کے ہاتھ جتنے نوٹ لگے، وہ انہیں لے کر وہاں سے روانہ ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ٹرین پر سوار کسی شخص نے پانچ سو روپے کے نوٹوں سے بھری پلاسٹک کی تھیلی چلتی ٹرین سے نیچے پھینکی، جو زمین پر گرتے ہی کھل گئی اور نوٹ ہوا میں بکھر گئے۔
ریلوے اسٹیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرین اسٹیشن پر رکی نہیں۔ ابتدائی طور پر امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کسی مسافر نے اپنے جاننے والے کو رقم پہنچانے کے لیے تھیلی ٹرین سے پھینکی، تاہم تھیلی کھلنے کے باعث نوٹ بکھر گئے۔



