لارڈز ٹیسٹ میں عمران خان کے بیٹوں کا انٹرویو نشر، پی سی بی کا اسکائی اسپورٹس کے خلاف احتجاج


لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان لارڈز میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز کھانے کے وقفے کے دوران اسکائی اسپورٹس نے سابق کپتان عمران خان کے بیٹوں سلیمان اور قاسم خان کا انٹرویو نشر کردیا، جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے باضابطہ احتجاج کیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق پی سی بی نے انٹرویو نشر کیے جانے پر اسکائی اسپورٹس اور انگلش بورڈ سے شکایت کی۔ اطلاعات کے مطابق پی سی بی نے احتجاجاً وقفے کے بعد پاکستانی ٹیم کو میدان میں واپس نہ بھیجنے کے آپشن پر بھی غور کیا، تاہم مختصر تاخیر کے بعد کھیل دوبارہ شروع ہوگیا۔
یہ انٹرویو انگلینڈ کے سابق کپتان اور اسکائی اسپورٹس کے براڈکاسٹر مائیک ایتھرٹن نے کیا تھا، جس میں سلیمان اور قاسم خان نے اپنے والد عمران خان کی صحت اور جیل میں ان کے حالات سے متعلق خدشات کا اظہار کیا۔
رپورٹس کے مطابق پی سی بی نے انٹرویو کے مواد پر اعتراض کرتے ہوئے اسے کرکٹ میچ کی نشریات کے دوران نشر کیے جانے کو سیاسی نوعیت کا معاملہ قرار دیا۔ دوسری جانب اسکائی اسپورٹس نے اپنی ادارتی پوزیشن کا دفاع کیا ہے۔