پنجاب کو جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کا مرکز بنا رہے ہیں، مریم نواز

بیجنگ(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے، جبکہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے حکومتی نظام میں شفافیت اور کارکردگی کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔
چائنہ انٹرنیشنل بگ ڈیٹا انڈسٹری ایکسپو 2026 سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ بگ ڈیٹا جدید معیشت اور ترقی میں بنیادی کردار ادا کررہا ہے، جبکہ مصنوعی ذہانت، بگ ڈیٹا اور جدید ٹیکنالوجی مستقبل کی ترقی کی بنیاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان باہمی اعتماد پر مبنی مضبوط تعلقات قائم ہیں۔ ڈیٹا پائیدار ترقی کے لیے مؤثر منصوبہ بندی کا اہم ذریعہ ہے اور پنجاب میں جدید ٹیکنالوجی و ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے اہم اقدامات کیے جارہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب کو جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کا مرکز بنایا جارہا ہے، جبکہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم کے ساتھ روزگار کے مواقع فراہم کرنا بھی ترجیح ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے حکومتی نظام میں شفافیت اور کارکردگی بہتر بنائی جاسکتی ہے، جبکہ پنجاب میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے نوجوان جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں دنیا کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور صوبے میں ڈیجیٹل گورننس کو مزید فروغ دیا جارہا ہے۔
مریم نواز کے مطابق بگ ڈیٹا کے مؤثر استعمال سے حکومتی فیصلہ سازی مزید بہتر بنائی جاسکتی ہے، جبکہ ماحولیاتی نگرانی اور سموگ کے خاتمے میں بھی بگ ڈیٹا اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔



