کراچی میں بڑی کارروائی، سپاہ محمد کا مبینہ ٹارگٹ کلر گرفتار، اسلحہ اور گرنیڈ برآمد

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کراچی نے وفاقی سول حساس ادارے کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم دہشت گرد تنظیم سپاہ محمد سے وابستہ مبینہ ٹارگٹ کلر سید محمد عسکری عابدی کو گرفتار کرلیا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک ہینڈ گرنیڈ اور ایک کلاشنکوف برآمد ہوئی ہے۔ ملزم کا نام سی ٹی ڈی کی ریڈ بک کے ایڈیشن 10 میں شامل انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں بھی موجود تھا۔

حکام کے مطابق ملزم طویل عرصے سے روپوش تھا اور کراچی میں دوبارہ اپنا نیٹ ورک منظم کرنے کی کوشش کررہا تھا۔ ابتدائی تفتیش میں ملزم کے دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے انکشافات سامنے آئے ہیں۔

سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ملزم نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ مختلف وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔ ملزم کے بیان کے مطابق وہ ساتھیوں کے ساتھ پہلے اپنے ہدف کی ریکی کرتے اور اس کے بعد اسے نشانہ بناتے تھے۔

حکام کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں ٹارگٹ کلنگ کے مقدمات پہلے سے درج ہیں، جن میں تھانہ جمشید کوارٹر کے مقدمات 312/2004 اور 64/2005، تھانہ فیروز آباد کا مقدمہ 64/2005 اور تھانہ تیموریہ کا مقدمہ 259/2005 شامل ہیں۔

سی ٹی ڈی کے مطابق حالیہ کارروائی کے بعد ملزم کے خلاف مزید دو مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ مقدمہ نمبر 77/2026 ایکسپلوسیو ایکٹ اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت، جبکہ مقدمہ نمبر 78/2026 سندھ آرمز ایکٹ کے تحت درج کیا گیا۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش اور جوائنٹ انویسٹی گیشن جاری ہے، جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں اور مبینہ نیٹ ورک تک رسائی کے لیے بھی کارروائیاں کی جارہی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے دیگر ساتھیوں اور مبینہ سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button