روسی فوج کا لیفٹیننٹ کرنل کار بم دھماکے میں ہلاک،اہلیہ زخمی

لندن(جانوڈاٹ پی کے)روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں گاڑی میں ہونے والے دھماکے میں روسی فوجی اہلکار ہلاک جبکہ ان کی اہلیہ زخمی ہوگئیں۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق روسی فوج کے اہلکار اپنی اہلیہ کے ہمراہ گاڑی میں موجود تھے جب اچانک دھماکا ہوگیا۔

یہ پُراسرار دھماکا اتنا شدید تھا کہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی جب کہ فوجی افسر موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ اہلیہ کو چوٹیں آئیں جن کا اسپتال میں علاج جاری ہے۔

روس کے دوسرے بڑے شہر سینٹ پیٹرزبرگ کے آن لائن اخبار فونتانکا نے ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت لیفٹیننٹ کرنل کے طور پر کی ہے۔

روس کی تحقیقاتی کمیٹی نے واقعے کے بعد فوجداری مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

کمیٹی کے مطابق گاڑی میں آگ لگنے کے واقعے میں ایک شخص ہلاک اور دوسرا زخمی ہوا، تاہم حکام نے تاحال ہلاک ہونے والے شخص کی فوجی حیثیت کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔

روسی ٹیلی گرام چینل ماش نے بھی ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کو فوجی اہلکار اور اس کی اہلیہ قرار دیا ہے۔

مقامی ٹیلی گرام چینلز پر سامنے آنے والی غیر مصدقہ ویڈیوز میں جائے وقوعہ پر پولیس اور امدادی کارکنوں کو دیکھا جاسکتا ہے جبکہ سڑک پر تباہ شدہ گاڑی کے ٹکڑے بکھرے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔

خیال رہے کہ روس ماضی میں اپنے اعلیٰ فوجی افسران اور یوکرین جنگ سے وابستہ افراد کے خلاف ہونے والے بعض قاتلانہ حملوں کا الزام یوکرین پر عائد کرتا رہا ہے۔

بعض واقعات میں یوکرینی ذرائع نے حملوں کی ذمہ داری قبول بھی کی ہے جبکہ کچھ واقعات میں ان الزامات کی تردید بھی کی گئی۔

سینٹ پیٹرزبرگ میں ہونے والے حالیہ دھماکے پر یوکرین کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

واضح رہے کہ 13 اگست کو روس کے زیر قبضہ کریمیا میں بھی ایک روسی فوجی افسر بم حملے میں ہلاک ہوا تھا۔ اس واقعے کے سلسلے میں ایک خاتون کو یوکرینی خفیہ اداروں کی جانب سے مبینہ طور پر قتل کی کارروائی میں مدد دینے کے شبہے میں گرفتار کیا گیا تھا۔

مزید خبریں

Back to top button