پاک فوج کویتی مسلح افواج کی تربیت وسرحدی دفاع میں معاونت فراہم کرےگی،معاہدے پردستخط،دفاعی تعاون بڑھانے پراتفاق

راولپنڈی (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آگئی ہے، جہاں کویت کے وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات کی۔
جی ایچ کیو میں ہونے والی اس ملاقات میں علاقائی سلامتی، باہمی دلچسپی کے امور اور دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو نئی سطح تک لے جانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کویتی وفد میں کویت کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد درج سعد الشریعان بھی شامل تھے۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور کویت نے ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی مفاد پر مبنی دفاعی تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو ایک مضبوط، دیرپا اور مؤثر دفاعی شراکت داری میں تبدیل کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
کویتی وفد نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، اعلیٰ آپریشنل مہارت اور خطے میں امن و استحکام کے لیے ادا کیے جانے والے کردار کو بھرپور انداز میں سراہا۔
ذرائع کے مطابق یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کے باعث دفاعی تعاون اور برادر ممالک کے درمیان عسکری روابط کی اہمیت میں غیر معمولی اضافہ ہوچکا ہے۔
مبصرین کے نزدیک کویت کے اعلیٰ ترین دفاعی وفد کی جی ایچ کیو آمد اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات پاکستان اور کویت کے درمیان بڑھتے ہوئے اعتماد اور مستقبل میں دفاعی تعاون کے نئے امکانات کی جانب اہم اشارہ ہے۔
پاکستان اور کویت کا پیغام واضح ہے: تاریخی برادرانہ تعلقات اب مزید مضبوط دفاعی شراکت داری کی شکل اختیار کرنے جا رہے ہیں!



