پنجاب حکومت کا عالمی بینک سے 3 کروڑ 50 لاکھ ڈالر قرض لینے کا فیصلہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب حکومت نے کیش لیس معیشت کے فروغ اور مالیاتی و ریونیو نظام کو جدید بنانے کے لیے عالمی بینک سے 3 کروڑ 50 لاکھ ڈالر قرض لینے کا فیصلہ کرلیا۔

حکام کے مطابق عالمی بینک سے حاصل ہونے والی رقم میں سے 9 ارب 90 کروڑ 92 لاکھ روپے کیش لیس معیشت کے فروغ پر خرچ کیے جائیں گے۔ منصوبے کا مقصد مالیاتی لین دین میں شفافیت اور نگرانی کے نظام کو بہتر بنانا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ کیش لیس نظام کے فروغ سے نقد لین دین اور مالی بے ضابطگیوں کے امکانات کم کرنے میں مدد ملے گی، جبکہ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے محصولات کی وصولی کا ریکارڈ زیادہ مؤثر اور قابلِ نگرانی بنایا جاسکے گا۔

عالمی بینک کے تعاون سے پنجاب کے مالیاتی اور ریونیو نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا اور منصوبے کے متعلقہ حصے کے لیے 9 ارب 90 کروڑ روپے سے زائد رقم مختص کی جائے گی۔

منصوبے کے تحت پنجاب حکومت کی محصولات وصول کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کیا جائے گا، جبکہ ٹیکسوں اور دیگر سرکاری واجبات کی وصولی کے نظام کو جدید اور ڈیجیٹل بنایا جائے گا۔

اس کے علاوہ شہریوں کو سرکاری فیسوں، ٹیکسوں اور دیگر واجبات کی کیش لیس ادائیگی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ حکام کے مطابق ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ سے سرکاری محصولات کی وصولی میں بھی اضافہ ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button