پمز سانحہ: بلاول بھٹو، مراد علی شاہ اور پیپلز پارٹی رہنماؤں کا اظہارِ افسوس، ذمہ داروں کے احتساب کا مطالبہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پمز اسپتال اسلام آباد میں آتشزدگی کے نتیجے میں 14 نومولود بچوں کی المناک ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پمز اسپتال میں معصوم جانوں کا ضیاع پوری قوم کے لیے ناقابلِ برداشت سانحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بچے محض اعداد نہیں تھے بلکہ غمزدہ خاندانوں کی امیدیں، خواب اور دعائیں تھے، نومولود کی جدائی ایسا زخم ہے جس کا مداوا کوئی لفظ نہیں کرسکتا۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کرکے قوم کو بتایا جائے کہ اسلام آباد کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال میں ایسا سانحہ کیسے پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ غفلت یا کمزور مریضوں کی حفاظت یقینی بنانے میں ناکامی کے ذمہ دار افراد کا احتساب ہونا چاہیے۔

بلاول بھٹو نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ اپنے زیرِ انتظام تمام سرکاری اسپتالوں میں مریضوں اور طبی عملے کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی آتشزدگی کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم نومولود بچوں کی ہلاکت کی خبر انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والی ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے لیے صبر اور پمز میں زیرِ علاج زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پمز میں پیش آنے والے آتشزدگی کے المناک واقعے نے شدید صدمہ پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال جیسے حساس مقام پر قیمتی جانوں کا ضیاع انتہائی تکلیف دہ ہے اور غم کی اس گھڑی میں وہ متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے بھی واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم نومولود بچوں کی ہلاکت ناقابلِ تلافی سانحہ ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے لیے صبر اور زخمیوں کی جلد و مکمل صحتیابی کی دعا کی۔

مزید خبریں

Back to top button