اسحاق ڈار کی برطانوی ارکانِ پارلیمنٹ سے ملاقات، کشمیر اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر گفتگو

لندن (جانوڈاٹ پی کے) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے لندن میں پاکستان نژاد برطانوی ارکانِ پارلیمنٹ سے ملاقات کی، جس میں پاک برطانیہ تعلقات، کشمیر، مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اور علاقائی امن و استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار نے پاک برطانیہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں برطانوی ارکانِ پارلیمنٹ کے کردار کو سراہا اور کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے ان کی حمایت کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھا۔
ملاقات کے دوران برطانوی ارکانِ پارلیمنٹ نے مشرقِ وسطیٰ میں پاکستان کی قیادت اور ثالثی کی کوششوں کو سراہا۔
اسحاق ڈار نے شرکاء کو خطے میں کشیدگی کم کرنے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ امن و استحکام کے لیے تمام فریقین کی جانب سے اسلام آباد ایم او یو پر مؤثر عمل درآمد ضروری ہے۔
نائب وزیراعظم نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی اہمیت بھی اجاگر کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ معاہدہ مکمل طور پر دفاعی نوعیت کا ہے۔
ترجمان کے مطابق ملاقات میں برطانوی ارکانِ پارلیمنٹ نے حالیہ قانون ساز اسمبلی انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پر اسحاق ڈار کو مبارکباد بھی پیش کی۔



