وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی فیضان مدینہ آمد، محفل میلاد میں شرکت

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جشن عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر صوبائی وزراء کے ہمراہ فیضانِ مدینہ پہنچ کر محفلِ میلاد میں شرکت کی۔
وزیر مذہبی امور ریاض حسین شاہ شیرازی، وزیر محنت سعید غنی اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ تھے۔ مراد علی شاہ دعوتِ اسلامی سندھ کی رابطہ کمیٹی کے سربراہ محمد یعقوب عطاری کی دعوت پر فیضانِ مدینہ پہنچے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے دعوتِ اسلامی کے ذمہ داران سے ملاقات کی اور جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔
محفل سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی آمد کا جشن منانا بڑی سعادت ہے، جبکہ میلاد کی محافل سیرتِ طیبہ ﷺ پر عمل کرنے کی دعوت دینے کا بہترین موقع فراہم کرتی ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ نبی کریم ﷺ کے اسوۂ حسنہ پر عمل پیرا ہوکر ہی مسلمان اپنی کھوئی ہوئی عظمت واپس حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتحادِ امت میں ہی دنیا و آخرت کی کامیابی کا راز پوشیدہ ہے۔



