صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی قوم کو عید میلادالنبی ﷺ کی مبارکباد

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جشن عید میلادالنبی ﷺ کے بابرکت موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے ملک میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ بحیثیت امتِ محمدی ﷺ ہم پر لازم ہے کہ معاشرے میں عدل و انصاف، برداشت، بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی اور انسانی وقار کے تحفظ کا عملی مظاہرہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو سیرتِ طیبہ ﷺ سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے علم، بلند کردار، محنت اور خدمتِ انسانیت کو اپنی زندگی کا مقصد بنانا چاہیے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسوۂ حسنہ ﷺ تمام مسلمانوں کی دینی و دنیاوی اصلاح و فلاح اور مثالی کامیابی کے لیے مشعلِ راہ ہے، جبکہ رسول اللہ ﷺ کی ذاتِ مبارک دینِ اسلام کی تعلیمات کا بہترین نمونہ ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ سیرتِ طیبہ ﷺ کو اپنے کردار، انفرادی رویوں اور اجتماعی طرزِ عمل میں اختیار کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے اور پاکستان کو مضبوط، خوشحال، پُرامن اور فلاحی ریاست بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔



