دنیا میں امن و استحکام کیلئے سیرتِ طیبہ ﷺ پر عمل ضروری ہے، محسن نقوی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عید میلادالنبی ﷺ کے بابرکت موقع پر قوم اور پوری امتِ مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ پوری انسانیت کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے۔

اپنے پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی ولادتِ باسعادت پر دنیا نے نور کا چہرہ دیکھا، ظلمت نے شکست کھائی اور انسانیت نے عدل و رحم کا حقیقی مفہوم پایا۔ انہوں نے قوم پر زور دیا کہ سیرتِ طیبہ ﷺ کو عملی زندگی کا حصہ بنایا جائے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ صادق و امین کی حیثیت سے نبی کریم ﷺ نے مکہ کی بے رحم فضاؤں میں دیانت و ایمانداری کا چراغ روشن کیا، جبکہ آپ ﷺ کی بعثت نے جاہلیت کے ہر بت کو پاش پاش کرکے انسانیت کو حق، سچ اور حکمت کا راستہ دکھایا۔

انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے محبت، اخوت، رواداری اور انسانیت کا درس دیا اور کمزوروں، یتیموں اور محتاجوں کے حقوق کا خصوصی خیال رکھنے کی تلقین فرمائی۔

محسن نقوی کے مطابق اسوۂ حسنہ ﷺ تمام مسلمانوں کی دینی و دنیاوی اصلاح و فلاح کے لیے مشعلِ راہ ہے اور دورِ حاضر کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سیرتِ طیبہ ﷺ پر حقیقی معنوں میں عمل کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں بدامنی، انتشار اور خلفشار کا خاتمہ اسوۂ حسنہ ﷺ پر عمل پیرا ہو کر ہی ممکن ہے۔ اس مبارک دن ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ سیرتِ طیبہ ﷺ کو اپنے کردار، انفرادی رویوں اور اجتماعی طرزِ عمل میں اختیار کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

مزید خبریں

Back to top button