سیرت طیبہ ﷺ کو انفرادی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا، مریم نواز

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عید میلادالنبی ﷺ کے بابرکت موقع پر کہا ہے کہ سیرتِ طیبہ ﷺ کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔
اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی بارگاہِ اقدس میں درود و سلام پیش کرتے ہوئے عید میلادالنبی ﷺ کے مبارک دن کو پوری امتِ مسلمہ کے لیے سعادت اور شکرگزاری کا موقع قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ فخرِ موجودات حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادتِ باسعادت کی مبارک ساعتیں میسر آنا ہر مسلمان کے لیے عظیم سعادت ہے۔ نبی کریم ﷺ یتیموں کا سہارا اور دونوں جہانوں کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے، آپ ﷺ نے معاشرے کے کمزور طبقات کو عزت و وقار عطا کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات نے انسانیت کو عدل، رحم، مساوات اور احترامِ انسانیت کا راستہ دکھایا جبکہ مظلوموں، غلاموں اور بیٹیوں کو جینے کا حوصلہ اور باعزت مقام عطا ہوا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ آپ ﷺ کی ولادتِ باسعادت نے معاشرے میں پھیلی خرافات کا خاتمہ کیا اور دلوں میں توحید کی شمع روشن کی۔ سیرتِ نبوی ﷺ کی اتباع دنیا و آخرت میں کامیابی کی ضمانت ہے۔
انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ سے محبت کا حقیقی تقاضا یہی ہے کہ آپ ﷺ کی سیرتِ طیبہ کو عملی زندگی کا حصہ بنایا جائے۔ مسلمان آپ ﷺ کی تعلیمات اور اسوۂ حسنہ پر عمل کرتے ہوئے معاشرے میں محبت، اخوت، رواداری، عدل اور انسانیت کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔



