بلاول بھٹو کی قوم اور امت مسلمہ کو عید میلادالنبی ﷺ کی مبارکباد

اسلام آباد (ویب ڈیسک) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے 12 ربیع الاول 1448ھ کے بابرکت موقع پر قوم سمیت پوری امتِ مسلمہ کو نبی آخرالزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادتِ باسعادت کی دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیرت النبی ﷺ پوری انسانیت کے لیے رحمت، عدل، شفقت اور امن کی ابدی روشنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کا پیغام زمان و مکان کی حدود سے بالاتر ہے اور انسانیت کی حقیقی فلاح آپ ﷺ کے اسوۂ حسنہ پر عمل پیرا ہونے میں ہے۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات ہمیں مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہونے، کمزوروں کا ساتھ دینے، عفو و درگزر سے کام لینے اور ہر انسان کے وقار و حقوق کا احترام کرنے کا درس دیتی ہیں۔

انہوں نے قوم پر زور دیا کہ وہ نبی کریم ﷺ کی حیاتِ مبارکہ اور کردارِ عظیم سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے اخوت، رواداری، حسنِ سلوک اور انسانیت کی خدمت کے عزم کی تجدید کرے۔

بلاول بھٹو نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان اور امتِ مسلمہ کو باہمی ہم آہنگی، خوشحالی اور دائمی امن عطا فرمائے اور ہمیں نبی اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے اسوۂ حسنہ کو انفرادی زندگی اور اجتماعی کردار میں اپنانے کی بصیرت و توفیق عطا فرمائے۔

مزید خبریں

Back to top button