امریکا اور ایران نئی جنگ بندی پر متفق ہوگئے، روسی میڈیا کا دعویٰ

ماسکو (ویب ڈیسک) روسی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور ایران نے نئی جنگ بندی پر اتفاق کرلیا ہے، جس میں آبنائے ہرمز سے آزادانہ نیوی گیشن بھی شامل ہے۔

روسی میڈیا کے مطابق یہ پیش رفت ایران اور پاکستان کے ذرائع کے حوالے سے سامنے آئی ہے۔ جنگ بندی کا باضابطہ اعلان آئندہ چند روز میں متوقع ہے، جس کے بعد مذاکرات اور تکنیکی سطح کے اجلاس منعقد ہوں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جون کے وسط میں امریکا اور ایران نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے تھے، جس کی بنیاد پر امن معاہدہ طے پانا تھا، تاہم ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں دونوں ممالک کے درمیان دوبارہ کشیدگی شروع ہوگئی۔

روسی میڈیا کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ثالثوں کے ذریعے امریکا اور ایران کے درمیان نئی جنگ بندی کے لیے کسی معاہدے تک پہنچنے کی کوششیں جاری رہیں۔ اسی دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف معاشی جنگ کا اعلان کرتے ہوئے دیگر ممالک کو بھی ایران کا معاشی گھیرا تنگ کرنے میں تعاون نہ کرنے پر کارروائی کی دھمکی دی تھی۔

رپورٹ کے مطابق ایران نے امریکی اقدام کو جنگ میں شکست تسلیم کرنے کے مترادف قرار دیا تھا۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ امریکا جنگ سے دنیا کی توجہ ہٹا کر اپنے داخلی بحران سے بچنے کی کوشش کر رہا ہے۔

اہم بات یہ ہے کہ امریکا اور ایران نے روسی میڈیا کے اس دعوے کی تاحال باضابطہ تصدیق یا تردید نہیں کی۔

مزید خبریں

Back to top button