ملک بھر میں جشن عید میلادالنبی ﷺ، توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) سرورِ کونین، محسنِ انسانیت اور نبی آخرالزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادتِ باسعادت کا جشن ملک بھر میں مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ ہر سو سبز جھنڈیوں، برقی قمقموں اور درود و سلام کی صداؤں سے روحانی ماحول قائم ہے۔

یومِ ولادتِ رسول ﷺ کے موقع پر دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا۔ وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ اس موقع پر فوجی جوانوں کی جانب سے نعرۂ تکبیر بھی بلند کیا گیا۔

مساجد میں نمازِ فجر کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، جبکہ درود و سلام کی صداؤں سے فضا معطر رہی۔

جشنِ میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں ملک کے مختلف شہروں کی گلیاں، محلے، بازار اور شاہراہیں خوبصورت روشنیوں، برقی قمقموں اور سبز جھنڈیوں سے سجا دی گئی ہیں۔ سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے جبکہ مختلف مقامات پر محرابیں اور آرائشی دروازے نصب کیے گئے ہیں۔

عاشقانِ رسول ﷺ میں بے پناہ جوش و خروش پایا جا رہا ہے اور ملک بھر میں عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر عظیم الشان جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی، جن میں شرکاء درود و سلام اور نعت خوانی کے ذریعے اپنی عقیدت کا اظہار کریں گے۔

مزید خبریں

Back to top button