گھوٹکی: مستحق افراد میں 45 لاکھ روپے کے بلاسود قرضے، 23 خاندانوں کو سولر ہوم سسٹم فراہم

گھوٹکی (رپورٹ: وجے کمار چاولا\جانوڈاٹ پی کے) سندھ حکومت کے ترجمان سکھ دیو آسرداس ہیمنانی نے کہا ہے کہ حکومت سندھ غربت میں کمی اور عوام کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے مختلف پروگرام جاری رکھے ہوئے ہے، جن کا مقصد عام لوگوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے۔
گھوٹکی میں سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن (SRSO) کی جانب سے سولر ہوم سسٹم، کمیونٹی انویسٹمنٹ فنڈ (CIF) اور انٹرپرائز ڈویلپمنٹ فنڈ (EDF) کے تحت تقریب منعقد ہوئی، جس میں مستحق افراد کو ذاتی کاروبار شروع کرنے کے لیے بلاسود قرضے فراہم کیے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سندھ حکومت کے ترجمان نے کہا کہ سرسو کے تحت عوام کو فراہم کی جانے والی مالی اور دیگر سہولیات کا مقصد انہیں مستقل طور پر بااختیار بنانا اور معاشی طور پر خودمختار بنانا ہے۔
انہوں نے مستحقین پر زور دیا کہ وہ مالی معاونت کو ذمہ داری، شفافیت اور پیداواری انداز میں استعمال کریں تاکہ نہ صرف ان کے خاندانوں بلکہ پورے علاقے کی ترقی میں بھی کردار ادا کیا جاسکے۔
سکھ دیو آسرداس ہیمنانی نے سرسو کی کارکردگی اور کمیونٹی کی بنیاد پر ترقیاتی ماڈل کو سراہتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کے تعاون سے کم لاگت کے گھروں، انٹرپرائز ڈویلپمنٹ، روزگار اور سولر ہوم سسٹم جیسے منصوبے عوام کے لیے معاشی و سماجی ترقی کے نئے مواقع پیدا کر رہے ہیں۔
سرسو کے ریجنل جنرل منیجر عمیر عباس منگی نے بتایا کہ ادارہ حکومت سندھ کے تعاون سے غربت کے خاتمے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور دیہی آبادی کو بااختیار بنانے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔ ان منصوبوں میں پیپلز پاورٹی ریڈکشن پروگرام (PPRP)، CIF، EDF، SHS، کم لاگت کے گھر، روزگار، ملیریا پروگرام اور کمیونٹی ڈرائیون ڈویلپمنٹ شامل ہیں۔
سرسو کے ڈسٹرکٹ منیجر عاشق کلوڑ نے بتایا کہ 48 مستحق افراد میں 45 لاکھ روپے کے بلاسود قرضوں کے چیک تقسیم کیے گئے، جن سے وہ اپنے چھوٹے کاروبار شروع کریں گے۔ اس کے علاوہ 23 افراد کو سولر ہوم سسٹم بھی فراہم کیے گئے ہیں۔
تقریب میں بلاسود قرضے حاصل کرنے والے مستحقین سسئی، حفیظہ، علی اکبر اور دیگر نے اپنے کاروبار اور حاصل ہونے والے فوائد کے تجربات بھی بیان کیے۔
تقریب کے اختتام پر شجرکاری کے فروغ اور ماحول کو بہتر بنانے کے عزم کے تحت 50 افراد میں پودے بھی تقسیم کیے گئے۔



