گوجرانوالہ ییلو لائن ماس ٹرانزٹ منصوبہ مارچ 2027 تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گوجرانوالہ ییلو لائن ماس ٹرانزٹ منصوبے کی تکمیل کیلئے مارچ 2027 کی حتمی ڈیڈ لائن مقرر کردی۔
وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس میں گوجرانوالہ ییلو لائن اور فیصل آباد ماس ٹرانزٹ منصوبوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران منصوبوں کی پیشرفت کا ڈرون فوٹیج کے ذریعے بھی معائنہ کیا گیا اور متعلقہ حکام نے بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ 31.5 کلومیٹر طویل گوجرانوالہ ییلو لائن پر 25 اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے، جن میں 2 انڈر گراؤنڈ اسٹیشنز بھی شامل ہیں۔ منصوبے کے تحت 12 انڈر پاسز، 35 کلومیٹر سروس روڈز، سگنل فری یوٹرنز اور دیگر انفراسٹرکچر بھی تعمیر کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق منصوبے کا تقریباً ایک تہائی کام تکمیل کے قریب پہنچ چکا ہے جبکہ 1233 پولز اور 552 ٹرانسفارمرز منتقل کیے جاچکے ہیں۔ منصوبے کیلئے 15 ہزار فٹ سیوریج، 12 ہزار فٹ واٹر سپلائی اور 11 ہزار فٹ گیس پائپ لائن بچھائی جائے گی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ منصوبے کیلئے 62 کلومیٹر طویل ڈرین کی تعمیر کا تقریباً 40 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔
فیصل آباد ماس ٹرانزٹ سسٹم کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ 20.3 کلومیٹر طویل منصوبے میں 11.1 کلومیٹر اوورہیڈ برج تعمیر کیے جائیں گے، جبکہ 1835 درختوں کی ری پلانٹیشن، 15 کلومیٹر سوئی گیس لائن اور 12 بس اسٹاپس کی تعمیر بھی منصوبے کا حصہ ہے۔
مریم نواز نے ترقیاتی منصوبوں میں ماحول کے تحفظ پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہر درخت کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔ اجلاس میں گوجرانوالہ اور فیصل آباد ماس ٹرانزٹ منصوبوں کے دوران تقریباً 5 ہزار درختوں کی ری پلانٹیشن کا ریکارڈ بھی پیش کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے منصوبوں پر تین شفٹوں میں کام جاری رکھنے کیلئے ضروری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو درپیش مشکلات کا انہیں بخوبی اندازہ ہے، اس لیے ماس ٹرانزٹ منصوبوں کی بروقت تکمیل ناگزیر ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ماس ٹرانزٹ منصوبوں کی مقررہ ٹائم لائن کسی صورت آگے نہیں جانی چاہیے، شہریوں کو مزید مشکلات سے بچانے کیلئے ترقیاتی کاموں کی رفتار مزید تیز کرکے منصوبے جلد مکمل کیے جائیں۔



