واپڈا نے 3 کھیلوں کو بند کردیا، کھلاڑی پریشان

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) نے اپنے اسپورٹس بورڈ کے تحت بیس بال، سافٹ بال اور نیٹ بال کی سرگرمیاں بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
واپڈا اسپورٹس بورڈ کی جانب سے تینوں کھیلوں کو بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، جس کے بعد ان کھیلوں سے وابستہ مرد و خواتین کھلاڑیوں، کوچز اور دیگر افراد میں تشویش پائی جاتی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تینوں کھیلوں کو فوری طور پر بند کیا گیا ہے اور ان سے وابستہ افراد کو اپنی متعلقہ ڈیوٹیز پر واپس بھیج دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کھلاڑیوں اور کوچز کو 18 اگست سے کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے فری نہ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
واپڈا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بیس بال، سافٹ بال اور نیٹ بال کی سرگرمیاں بند کرنے کی کوئی وجہ بیان نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل واپڈا نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈومیسٹک کرکٹ مقابلوں میں بھی حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد ادارے کے کھیلوں کے شعبے سے متعلق مزید سوالات اٹھنے لگے ہیں۔



