نائیجیریا میں مسلح افراد کی خونریزی، 100 سے زائد افراد اغوا، 40 سے زائد ہلاک

ابوجا(مانیٹرنگ ڈیسک) نائیجیریا کی وسطی ریاست نائجر میں مسلح افراد نے متعدد دیہات پر حملے کرکے 100 سے زائد افراد کو اغوا کرلیا، جبکہ فائرنگ اور حملوں کے نتیجے میں 40 سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے۔

پولیس اور مقامی رہائشیوں کے مطابق فوجی طرز کے لباس میں ملبوس مسلح افراد نے نماز کے بعد بورگو لوکل گورنمنٹ ایریا کے ڈیکارا، گیدان زانا، سابون گیدا اور ماساکا دیہات کو نشانہ بنایا۔

پولیس ترجمان واسیو ابیودون نے بتایا کہ ابتدائی طور پر شبہ ہے کہ حملہ آور مسلح جرائم پیشہ گروہ ہیں، جو نائیجیریا کے مختلف علاقوں میں اغوا برائے تاوان اور لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔

مقامی افراد کے مطابق حملہ آور نماز کے بعد ڈیکارا میں داخل ہوئے، لوگوں کو ایک مقام پر جمع کیا اور انہیں قریبی جنگلات میں لے گئے۔ اس کے بعد مسلح افراد نے دیگر قریبی دیہات کا رخ کیا۔

مقامی رکنِ اسمبلی جعفر محمد شیٹی مان بورگو نے بھی حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے میں مسلح گروہوں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہورہا ہے۔

رواں ماہ کے آغاز میں حکام نے بورگو کے چار دیہات سے اغوا کیے گئے 145 افراد کو بازیاب کرایا تھا۔ حکام کے مطابق ایک بڑے سکیورٹی آپریشن کے دوران مجموعی طور پر 308 مغویوں کو بازیاب کرایا گیا، جن میں پڑوسی ریاست کوارا سے اغوا کیے گئے 160 سے زائد افراد بھی شامل تھے۔

تازہ حملوں نے نائجر ریاست سمیت شمالی وسطی نائیجیریا میں جاری سکیورٹی بحران کو مزید اجاگر کردیا ہے، جہاں مسلح گروہ دور دراز جنگلات اور کمزور سکیورٹی نظام کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اغوا برائے تاوان اور دیگر جرائم جاری رکھے ہوئے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button