اپوزیشن کا حکومت کو ٹف ٹائم دینے کافیصلہ،سینیٹ میں مشترکہ حکمت عملی کااعلان

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس اور جے یو آئی (ف) کے پارلیمانی لیڈر مولانا عطاء الرحمن کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں حکومت کو پارلیمنٹ کے اندر ٹف ٹائم دینے اور اپوزیشن کی جانب سے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے بعد سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ ایوان کے اندر اپوزیشن متفقہ حکمت عملی اختیار کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ طے ہوا تھا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں مل کر اپوزیشن کا کردار ادا کیا جائے گا جبکہ متحدہ اپوزیشن کے باہمی تعلق کو مزید مضبوط بنانے پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔
راجہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ اپوزیشن سینیٹ میں ایک مضبوط اور مؤثر کردار ادا کرے گی۔
پارلیمنٹ میں اپوزیشن ایک نظر آئے گی، مولانا عطاء الرحمن
دوسری جانب جے یو آئی (ف) کے پارلیمانی لیڈر مولانا عطاء الرحمن نے کہا کہ مشترکہ اجلاس میں تمام امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی اور پارلیمنٹ کی حد تک ایک دوسرے کو سپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے اندر اپوزیشن ایک نظر آئے گی اور آئندہ چند دنوں میں متحدہ اپوزیشن کا اجلاس بلا کر مشترکہ حکمت عملی پر مزید غور کیا جائے گا۔
مولانا عطاء الرحمن نے اعتراف کیا کہ اب تک اپوزیشن حکومت کو وہ ٹف ٹائم نہیں دے سکی جو دینا چاہیے تھا، تاہم اب کوشش ہوگی کہ بطور اپوزیشن حکومت کو بھرپور جواب دیا جائے اور اہم قومی و سیاسی ایشوز کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ متحدہ اپوزیشن کے طور پر حکومت کو ان کے بقول غیر قانونی آئینی ترمیم کرنے سے روکنے میں کامیاب ہوں گے۔
یوں سینیٹ میں اپوزیشن جماعتوں کے درمیان رابطوں میں تیزی اور مشترکہ حکمت عملی کی تیاری نے ملکی سیاست میں ایک نئے سیاسی محاذ کے امکانات کو نمایاں کردیا ہے۔



